حکمرانوں کے الزامات الف لیلیٰ‘ شہباز شریف کیخلاف ثبوت پیش نہ کر سکے: مسلم لیگ (ن)
لاہور (نیوز رپورٹر) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کیخلاف کوئی ٹی ٹیز یا منی لانڈرنگ کا ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ نیب نے خود تسلیم کیا شہبازشریف نے کرپشن نہیں کی۔ پھر آپ منی لانڈرنگ اور بے نامی کا الزام کیسے لگا سکتے ہیں۔ آج حکومت میں وہ لوگ ہیں جن کو سچ بولنے کی توفیق نہیں ہے یہ سب سے بڑا ملک کیلئے المیہ ہے۔ تین سال سے تماشہ دیکھ رہا ہوں رنگ برنگے وزیر آرہے ہیں۔ جو آئین کے مطابق حکومت کرتا ہے اس میں اخلاقی قدریں لازمی ہوتی ہیں۔ وزیراعظم اور وزراء کے حلف میں یہ قدریں لکھی ہوتی ہیں۔ تین سالوں میں یہ حکومت ایک بھی سچ نہیں بول سکی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب اور عظمیٰ زاہد بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا آج فیصلہ عدالت نے کر دیا ہے کہ شہباز شریف پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں ہے۔ چیئرمین نیب ملک کے قانون سے بالا نہیں ہو سکتا۔ جو لوگ خلاف قانون کام کر رہے ہیں ان کو پہلی فلائٹ سے ملک سے باہر نہیں جانے دیں گے ان کو جواب دینا ہو گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے کہا نیب نے اعتراف کیا کہ شہبازشریف کیخلاف کرپشن، منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت نیب نہیں دے سکا۔ اس حکومت کے الزامات صرف الف لیلیٰ سے زیادہ نہیں ہے۔ فواد چوہدری اور شہزاد اکبر نے جس طرح لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر کمنٹری کی وہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ رانا ثناء نے کہا فواد چودھری‘ شہزاد اکبر کو چیلنج وہ زور لگا لیں شہباز شریف چیک اپ کیلئے بیرون ملک جائینگے۔