• news

چھوٹے میاں عید پاکستان میں منائیں‘ باہر جانے کی کیا جلدی: فردوس عاشق 

لاہور+ سیالکوٹ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ۔ 50 روپے کے اشٹام پیپر پر بڑے بھائی کی گارنٹی دے کر  مفرور کرانے والا شہباز شریف اشتہاری کو پاکستان کو لانے کی بحائے خود رات کی تاریکی میں پاکستان سے رفوچکر ہونے کیلئے ہاتھ پاؤں مارتا رہا۔ قانون  جب ان کے عزائم میں حائل ہوا تو ان کے درباریو ں اور حواریوں نے اپنے روایتی انداز میں اداروں پر چڑھائی کردی اور ایف آئی اے کے دفتر پر حملہ آور ہوئے۔ جہاں درخواست جمع کروانے کا فورم ہے وہاں درخواست جمع کروانا ان کو ناگوار گزرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دربار ہال گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہاکہ یہ  قوم کے کیسے خودساختہ لیڈر ہیں، کاروبار باہر، عزیزو اقارب باہر، جائیدادیں باہر اور عید بھی باہر منانا چاہتے ہیں۔ لوٹ مار کے علاوہ انکا پاکستان سے رشتہ ہی کیا ہے؟۔ بھگوڑا خاندان صرف اقتدار کیلئے پاکستان میں رہ سکتا ہے۔ اقتدار کے بغیر یہاں رہنے میں اکتاہٹ محسوس کرتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان طاقتور اور کمزور کو یکساں طور پر  قانون کے تابع لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں سے جو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ کیا تھا وہ وزیراعظم عمران خان نے پورا کردیا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا گیا ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ ماں کے عالمی دن کے موقع پر میں سب ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔  ماں کیلئے کوئی ایک دن مخصوص نہیں کیا جاسکتا۔ ہر دن ماں کا دن ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا شہباز شریف کو ابہام کی وجہ سے روکا گیا۔ جوڈیشل ریفارمز کی بھی اشد ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا نواز شریف کو واپس لانے کی بجائے شہباز شریف نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ شہباز شریف کرپشن منی لانڈرنگ اور کک بیکس کیسز کا سامنا کریں۔ عید پاکستان میں کریں۔ آپ کو باہر جانے کی کیا جلدی ہے۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے  اپنے حلقہ انتخاب این اے 72 کے موضع چک پتلیاں، پنڈی پنجوڑاں، راموں چک، کوٹلی سید امیر اور تلک پور کے عوام میں راشن تقسیم کرتے ہوئے  کہا کہ کرونا کی وباء نے پورے خطے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے لاک ڈاؤن کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ اس مرتبہ عوام سادگی سے عید منائے اور سماجی فاصلوں کو ہر گز پامال نہ کرے۔  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے موضع چک پتلیاں میں صوفی محمد یوسف مرحوم ، ماسٹر محمد اعظم مرحوم اور سائیں محمد رفیق مرحوم کی رہائشگاہوں پر جاکر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

ای پیپر-دی نیشن