کرونا :مزید78اموات،کویت،تھائی لینڈ میں پاکستانیوں پر پابندی
اسلام آباد ( اے پی پی+ نمائندگان+ این این آئی) ملک بھر میں کرونا سے مزید 78افراد جاں بحق اور 3447 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،کرونا مریضوں کی تعداد میں ملک 29 ویں پر آگیا۔ این سی او سی کے مطابق مزید 3 ہزار 447 کیسز سامنے آئے۔ مثبت کیسز آنے کی شرح 9 اعشاریہ 12 فیصد ہو گئی ۔27 اموات خیبر پی کے، پنجاب 26، بلوچستان میںایک موت ہوئی۔ ملتان3 افراد گرفتار جبکہ14 کے خلاف مقدمات درج ،26 کاروباری مراکز کو سیل کیا گیا ۔ 7 بسوں کو تحویل میں لیا گیا۔ 2لاکھ30 ہزار روپے جرمانہ عائد، پنجاب میں لاک ڈائون کے باعث کرونا کے زور میں کمی آنے لگی۔ لاہور میں گزشتہ روز کرونا سے صرف 5 اموات ہوئیں اور اس دوران لاہور میں 501 کرونا کیسز سامنے آئے۔ این سی او سی نے پشاور پولیس ہسپتال سے کرونا میں مبتلا 24 مسافروں کے لاپتہ ہونے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ تمام مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے شارجہ سے پشاور پہنچے تھے۔ ایم ایس پولیس ہسپتال ڈاکٹر نیاز محمد نے 21 مسافروں کو واپس لانے کی تصدیق کی ہے، تاہم 3 مسافر اب بھی لاپتہ ہیں۔ این سی او سی نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ کرونا بحران کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت چار جنوبی ایشیائی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ متحدہ عرب امارات حکام کے مطابق کوویڈ 19 کے بحران کی وجہ سے 12 مئی کے بعد پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال سے کوئی پرواز متحدہ عرب امارات نہیں جا سکے گی، تاہم ٹرانزٹ پروازیں پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ دنیا میں 15 کروڑ 89 لاکھ70ہزار سے زائد افراد متاثر اور 33لاکھ 6 ہزار 746افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ہونے والی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لاہور میں کرونا کے 89 فیصد مریض وائرس کی برطانوی قسم جبکہ صرف دو فیصد اس کے ساوتھ افریقن ویرینٹ کا شکار ہوئے ہیں۔ یہ تحقیق یونیورسٹی کے شعبہ امیونالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ جہاں اور ان کی ٹیم نے برطانوی تحقیقاتی ادارے کوارڈرم انسٹیٹیوٹ بائیو سائنس کے اشتراک سے کی ہے۔ لاہور اور گردونواح کے ہسپتالوں سے کرونا کے 100 مثبت مریضوں کے نمونے اکٹھے کئے۔ ملک بھر میں عالمی وبا کرونا سے اموات کی تعداد ایک بار پھر 100 سے نیچے آ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مختلف شہروں میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ این سی او سی نے صوبوں کو ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ پنجاب میں تمام رمضان بازار ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں قائم رمضان بازار آج شام بند کر دیے جائیں گے جبکہ عید پر ملک بھر میں سیاحتی مقامات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید براں بین الصوبائی، انٹرا اور انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ آج سے 15 مئی تک عید کی چھٹیاں ہوں گی۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ کرونا کیسز میں اضافہ ہوا تو لاک ڈاؤن 16 مئی سے بھی بڑھ سکتا ہے۔ کرونا کی نئی اقسام سامنے آ رہی ہیں۔ سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔ آج سے 16 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ شیخوپورہ میں کرونا کے وار جاری‘ صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس نے دو مزید افراد کی جان لے لی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق کرونا وارڈ میں 40 سے زائد مریض داخل ہیں جن میں سے 10 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ فیصل آباد میں کرونا کے وار جاری‘ مزید 8 مرید کرونا کے باعث دم توڑ گئے۔ ہسپتالوں میں ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے‘ الائیڈ ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 نئے مریض آنے سے داخل ہونے والوں کی مجموعی تعداد 210 ہو گئی۔ کرونا کے 2 کنفرم مریض 6 مشتبہ شامل ہیں۔ اب کویت اور تھائی لینڈ نے بھی پاکستان‘ بنگلہ دیش‘ نیپال اور سری لنکا سے آنے والوں پر پابندی لگا دی ہے۔