مودی کی پالیسیوں کی بدولت بھارت تباہی سے دوچار ہو گا: شیو سینا
اسلام آباد ( عبداللہ شاد) کرونا وائرس کی تباہی کو بھونڈے طریقے سے ہینڈل کرنے پر مودی سرکار کو ہر جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔ شیو سینا نے اپنے ترجمان اخبار سامنا کے ذریعے ایک بار پھر بی جے پی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی اور امت شاہ کی پالیسیوں کی بدولت بھارت تباہی سے دوچار ہو گا، اگر اسے بچانا ہے تو بی جے پی کو اپنا رویہ فی الفور تبدیل کرنا ہو گا۔ شیو سینا کے ترجمان سنجے راوت نے سامنا میں اپنی تحریر میں لکھا ہے کہ بھارت میں آج جھوٹے بہتان لگا کر لوگوں پر تشدد اور ذرائع ابلاغ کو استعمال کر کے پراپیگنڈہ کرنا معمول کی بات بن چکی ہے۔ گذشتہ کئی شماروں سے سامنا کے اداریوں میں بھی بھارت کی تباہی پر اظہار افسوس کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے صوبہ میں ہو رہے فسادات پر کہا ہے کہ ’’ بی جے پی ریشہ دوانیوں سے باز رہے کیونکہ ہم مغربی بنگال کو گجرات نہیں بننے دیں گے‘‘ ۔