کرونا کے باعث مہنگائی تیزی سے بڑھی،ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دینگے،شوکت ترین
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے بین الاقوامی منڈیوں میں روزمرہ استعمال کی اشیاء بالخصوص خوردنی تیل، چینی، چائے اورآٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گزشتہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء بالخصوص آٹا، چینی، خوردنی تیل وگھی، دالیں اور مرغی کی قیمتوں کاجائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کوبتایا کہ گزشتہ ہفتے ملک میں 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جب کہ 26 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخرامام نے کمیٹی کو صوبوں اورپاسکو کی جانب سے گندم کی خریداری اورجاری سال میں مناسب قیمت پرگندم کی وافر مقدار میں فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات اور صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری کے حوالہ سے پنجاب باقی صوبوں سے آگے ہے۔ وزیرخزانہ نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبوں کو رعایتی نرخوں پرگندم کے یومیہ اجراء کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبائی نمائندوں کو بلارکاوٹ گندم کے یومیہ اجراء کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں بنیادی ضروری اشیاء کی قیمتوں کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کووڈ-19 کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر اپریل کے مہینہ میں 178 فیصد، چینی کی قیمت میں 57 فیصداضافہ اور پام آئل، سویابین آئل اورگندم کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ جس سے مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں اضافے کارحجان دیکھنے میں آرہا ہے۔ وزیرخزانہ شوکت ترین نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوویڈ 19 کی وجہ سے بین الاقوامی منڈیوں میں روزمرہ استعمال کے اشیاء بالخصوص خوردنی تیل، چینی، چائے اورآٹا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ ذخیرہ اندوزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اشیائے ضرورریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے سخت کارروائیاں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔