• news

معمار نوائے وقت مجید نظامی کی ساتویں برسی ،قرآن خوانی ،خصوسی دعائیں

لاہور+ اسلام آباد+ کراچی (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار) معمار نوائے وقت، امام صحافت اور آبروئے صحافت مجید نظامی کی ساتویں برسی ستائیسویں رمضان البارک کو منائی گئی۔ اس سلسلے میں ہیڈ آفس نوائے وقت سمیت ملک بھر کے سٹیشنز میں مجید نظامی کی روح کو ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور خصوصی دعائیں کی  گئیں۔ کرونا ایس او پیز کو سامنے رکھتے ہوئے قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صحافت میں گرانقدر خدمات انجام دینے والے مجید نظامی کا انتقال 2014ء کو ستائیسویں روزہ کو ہوا تھا۔ برسی پر حکومتی ہدایات کے مدنظر کرونا وائرس کی وجہ سے باقاعدہ بڑی تقریبات کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ البتہ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے نوائے وقت کے پاکستان اور بیرون ممالک کے دفاتر میں نماز ظہر کے بعد دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔ نوائے وقت لاہور ہیڈ آفس میں نماز ظہر کے بعد دعا اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری اور دیگر سٹاف نے شرکت کی۔  مجید نظامی زندگی بھر نظریہ پاکستان کے تحفظ، ملک میں جمہوریت کی بالا دستی، صحافت کی آزادی، کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔  مجید نظامی نے ملکی صحافت پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔  وہ ہر دور میں جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہتے رہے۔ وہ ہر دور میں ہر فورم پر دلیری کے ساتھ نظریہ پاکستان کا دفاع کرتے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے رہے۔ مزید برآں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام یوم قیام پاکستان کی تقریب اور دعوت افطار کرونا وائرس کے باعث ملتوی کر دی گئی تاہم آن لائن  خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ دریں اثناء ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور کی زمان مسجد میں اور ایوان قائداعظمؒ کی زیر تعمیر مسجد میں ختم تراویح کی محافل ہوئیں جن میں آبروئے صحافت مجید نظامی کی برسی کے حوالے سے ان کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ معمارنوائے وقت گروپ مجید نظامی کی 7ویں برسی روزنامہ نوائے وقت کراچی کے دفتر میںعقیدت واحترام سے منائی گئی ۔  ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کرائی گئی اور مرحوم کیلئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کراچی کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر امین یوسف نے کہا کہ مجید نظامی اپنی ذات میں ایک انجمن اور ادارہ ساز شخصیت تھے۔ انہوں نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی صحافت کی اور کبھی قلم اور لفظ کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دی۔ مجید نظامی نظریہ پاکستان کے بہت بڑے علمبردار تھے اور انہوں نے اپنی زندگی اس نظرئیے کی ترویج و اشاعت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ وہ بہت بڑے عاشق رسولﷺ  تھے۔ ریذیڈنٹ ایڈیٹر امین یوسف نے کہاکہ مجید نظامی ہر جابر سلطان کے روبرو بے دھڑک کلمہ حق کہتے رہے۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے بھی اس دن کو یوم مجید نظامی کے طور پر منانے کا اہتمام کیا گیاتھا۔ معمار نوائے وقت گروپ مجید نظامی  کی ساتویں برسی کے موقع پر  نوائے وقت اسلام آباد  کے دفتر میں اجتماعی دعا ہوئی جس میں نوائے وقت  راولپنڈی اسلام آباد کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر شاہزاد انور فاروقی اور تمام سٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر فاتحہ خوانی کی گئی اور مجید نظامی مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے  دعا کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن