بھارت میں کرونا کی بگڑتی صورتحال دل دہلا دینے والی ہے: امریکی نائب صدر
واشنگٹن(اے پی پی)امریکی نائب صدر کمیلا ہیرس نے بھارت میں کرونا وبا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دل دہلادینے والی قراردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کملاہیرس نے یہ بات ایک پہلے سے ریکارڈشدہ پیغام میں کہی جو محکمہ خارجہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور سے متعلق ادارے کے زیر اہتمام تارکین وطن کی ایک تقریب میں چلایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں کرونا وائرس کے مریضوں اورا موات میں اضافہ دل توڑنے والی صورتحال سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں میں ان سے تعزیت کرتی ہوں۔ کملا ہیرس نے کہاکہ میرے خاندان کے آباو اجداد بھارت سے آئے ہیں۔میری والدہ (شیامالا گوپالن) بھارت میں پیدا ہوئیںاوروہیں پلی بڑھیں ۔ انہوں نے کہا میرے خاندان کے افراد آج بھی بھارت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی فلاح و بہبود امریکہ کے لئے اہم ہے۔اس سے پہلے وائٹ ہاو س نے کورونا وبا میں غیر معمولی تیزی کے سبب بھارت کے مسافروں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔کملا ہیرس نے کہا کہ پابندی عائد کئے جانے کے بعد سے انہوں نے بھارت میں اپنے خاندان والوں سے بات نہیں کی ہے۔