افغانستان دھماکے قابل مذمت ،عید پر طالبان کی فائربندی کا خیر مقدم کرتے:پاکستان
اسلام آباد (خبرنگار/ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے احترام میں تین روزہ فائر بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم ان تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو تشدد میں کمی لانے کا باعث بن سکتی ہوں اور افغانستان میں پائیدار استحکام اور دیرپا امن کے حصول میں معاون ہیں۔ افغان طالبان نے عید پر 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے عفریت کے خلاف اس جنگ میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ دوسری طرف پاکستان نے افغانستان کے علاقے زابل اور پروان میں ہونے والے دھماکوں میں قیمتی جانوں کے نقصان اور زخمیوں کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ پیر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ زاہد چوہدری نے کہا ہے کے پاکستان اور بھارت کے درمیام تمام تنازعات کا حل بات کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں انکا کہنا تھا پاکستانی اور سعوی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت دونوں فریقوں نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے، دونوں ممالک کے درمیان خصوصاً جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کو حل کرنے کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔