• news

عمران ملبہ سفارتکاروں پر ڈال رہے،زرداری :ہر پاکستانی تبدیلی کی قیمت ادا کر رہا ،بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہر شخص عمران خان کی تبدیلی کے سونامی کی قیمت ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو 3 ارب ڈالر کا قرض واپس کرنے کے لیے عمران خان نے چین سے قرضہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ قرض نہ لینے کا اعلان کرنے والے عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں۔ وزیراعظم صاحب! بے شک آپ کو چندے مانگنے کا وسیع تجربہ ہے، مگر چندوں پر ملک نہیں چلتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ پونے 2 لاکھ روپے قرض کے بوجھ تلے دبا ہر پاکستانی عمران خان کی نااہلی کی قیمت ادا کر رہا ہے۔ قرضہ اگر کرپشن میں اڑایا جاتا رہے گا تو عام آدمی مہنگائی میں پستا رہے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان بنی گالا کے محل سے باہر نکلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں اتنی بھی سکت نہیں کہ چین کو سی پیک کے اربوں روپے کے واجبات ادا کر سکے۔ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے تین ارب ڈالر کے قرضے کی واپسی کی وجوہات عوام کے سامنے لائیں۔ سابق صدر آصف زرداری نے ایک بیان میں وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنی نالائقی کا ملبہ پاکستان کے سفارت کاروں پر ڈال رہے ہیں۔ اپنے بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل نے مسلمانوں کے اتحاد کو متاثر کیا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت کے بعد آنے والی حکومتوں نے خارجہ امور پر توجہ نہیں دی۔

ای پیپر-دی نیشن