اسرائیلی جارحیت‘ سنجرانی کے مختلف ممالک کی پارلیمان کے سربراہوں کو خطوط
اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے امریکا، کینیڈا اور برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے پارلیمانوں کے سربراہان، سپیکرز اور پریذائیڈنگ آفیسرز کو مسجد اقصیٰ میں نہتے فلسطینی نمازیوں پر رمضان جیسے مقدس مہینے میں حالیہ اسرائیلی جارحیت کی جانب توجہ دلانے کے لیے خطوط لکھ دیئے۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق خطوط میں انکی توجہ اسرائیلی مظالم کی طرف دلاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ کوئی بھی مذہب عبادت گزاروں پر اس طرح کی بربریت کی اجازت نہیں دیتا۔ چئیرمین سینٹ نے کہا کہ ان مظالم کی تمام ممالک کی جانب سے صاف طور پر مذمت کی جانی چاہیے اور مسئلہ فلسطین کا پر امن حل نکالا جانا چاہیے۔ تا کہ فلسطینی مسلمان سکھ کا سانس لے سکیں۔ چئیرمین سینٹ نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اس بیجا تشدد کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں