بابراعظم پہلی چار ٹیسٹ سیریز جیتنے والے پہلے پاکستانی کپتان
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کو لگاتار چھ سیریز جیتنے اور بابراعظم کو بحثیت کپتان ابتدائی چاروں ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کپتان بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ان چھ سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز ،پھر افریقہ سفاری کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ انٹرنیشنل سیریز اور زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز جیتنا شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی 1952 سے شروع ہونے والی کرکٹ کی تاریخ میں یہ چھٹا موقع ہے کہ جب پاکستان نے لگاتار چھ یا اس سے زائد مرتبہ سیریز جیتی ہوں۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم12-2011 میں لگاتار13 ، 16-2015میں لگاتار 9 ،02-2001 میں لگاتار 8اور 94-1993اور 18-2017میں لگاتار چھ، چھ سیریز میں کامیابیاں سمیٹ چکی ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے کپتان بابراعظم کی زیرقیادت زمبابوے کے خلاف دونوں میچز میں ایک اننگز کے مارجن سے کامیابیاں حاصل کیں۔