پاکستانی بائولرز نے ہرارے ٹیسٹ میں تاریخ رقم کر دی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)حسن علی، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ہرارے ٹیسٹ میں تاریخ رقم کر دی۔ تینوں بائولرز نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پانچ، پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب تین بائولرز نے ایک ہی ٹیسٹ میں پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ حسن علی نے پہلی اننگز جبکہ نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں پانچ، پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ مجموعی طور پر چھٹا موقع ہے۔ آخری بار 1993 میں آسٹریلیا کے پال ریفل، شین وارن اور ٹم مے نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔