• news

14 مئی کو ملک بھر میں یوم فلسطین منایا جائے گا: طاہر اشرفی  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم سعودی ولی عہد کی دعوت پر سعودی عرب گئے۔ ولی عہد کا وزیراعظم کا استقبال اس بات کی دلیل ہے پاک سعودی تعلقات مضبوط ہیں۔ ایک بیان میں حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اس دورے میں مسئلہ فلسطین و کشمیر زیر بحث آئے۔ وزیراعظم سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بھی مکہ مکرمہ میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے تمام آئمہ وعلما کرام سے مطالبہ کیا کہ ہمیں متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے ساتھ پانچ معاہدے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کی دورہ پاکستان کی دعوت سعودی ولی عہد نے قبول کی۔ پاک سعودی قیادت نیفیصلہ کیا ہے کہ امہ کے مسائل کے حل کے لیے مل کر آگے بڑھیں گے۔ وزیراعظم نے وزیرخارجہ کو بیت المقدس کی صورتحال پر پوری دنیا سے رابطوں کا ٹاسک دیا ہے۔ پاک سعودیہ کے تعلقات مستقبل قریب میں مزید قریب نظر آئیں گے۔ حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودیہ کے حوالے سے خوامخواہ پروپیگنڈا کیا گیا۔ کرونا کی صورتحال میں 16 لاکھ ڈالر کی طبی اشیاء  پاکستان کودی گئی ہیں۔ وزیراعظم کا وژن ہے کہ ہم امداد نہیں تجارت کے ذریعے تعلقات آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ14 مئی کو پورے ملک میں یوم فلسطین منایا جائیگا۔ عالمی دنیا کیوں اس معاملے پر خاموش ہے؟۔ سعودیہ کا کشمیر کے حوالے سے موقف وہی ہے جو ہمارا موقف ہے ۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے پاک سعودی عرب تعلقات کو نئی جہت اور قوت ملی ہے۔  مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کیلئے حرم مکہ مکرمہ میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مرکز ملک سلمان نے ہر دور حکومت میں پاکستانیوں کی خدمت کی ہے۔  وزیر اعظم عمران خان کے دورے کو نہ صرف سعودی عرب کی قیادت بلکہ عوام ، ذرائع ابلاغ نے بھرپور اہمیت دی اور سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کی ہے۔ 2021 میں عرب اسلامی دنیا کے اہم ترین قائدین پاکستان تشریف لائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن