کرونا مزید113ہلاکتیں،عید کی ایک مقام پرسے32 نمازوں کی ہدایت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ آئی این پی) کرونا وائرس سے 113 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 19ہزار 106ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 64 ہزار 557 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 38ہزار 883 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ پنجاب میں 9 ہزار 125، سندھ میں 4 ہزار 753، خیبر پی کے میں 3ہزار 644، اسلام آباد میں 716، بلوچستان میں 253، گلگت بلتستان میں 107اور آزاد کشمیر میں 508مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ‘ وفاقی وزیراسد عمر نے بھی تھائی لینڈ کے دو شہریوں میں پاکستان سے بھارتی وائرس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ پاکستان یہ وائرس موجود نہیں ہے۔ تھائی حکام نے اس سے قبل کہا تھا کہ ملک میں بھارتی کووڈ کی قسم کی تصدیق ہوئی ہے، تھائی خاتون اور ان کے 4 سالہ بیٹے کو پاکستان سے واپسی پر قرنطینہ بھیج دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں برطانوی، برازیلین اور جنوبی افریقی وائرس رپورٹ ہوا تھا لیکن بھارتی قسم کی رپورٹ تاحال نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ممکن ہے کہ خاتون کو یہ وائرس تھائی لینڈ یا کہیں اور سے لگا ہو کیونکہ پاکستان میں تو اب تک رپورٹ ہی نہیں ہوا۔ دریں اثناء این سی او سی کی طرف سے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ عید گاہوں میں فیس ماسک پہننا ضروری ہے۔ رش کم رکھنے کیلئے ایک جگہ دو سے تین نمازیں ادا کی جائیں۔ عید کا خطبہ انتہائی مختصر رکھا جائے۔ نمازعید کھلے مقامات پرکرونا پروٹوکولز کے ساتھ ادا کی جائے اور مسجد میں نماز عیدکی صورت میں کھڑکیاں، دروازے کھلے رکھے جائیں۔ این سی او سی نے ہدایت دی ہے کہ رش سے بچنے کیلئے ایک جگہ نمازعیدکے 2 سے 3 اجتماعات رکھے جائیں اور نماز عید مختصر وقت کے دوران ادا کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ نماز عید کاخطبہ مختصر وجامع رکھا جائے۔ نماز عید کے دوران نمازیوں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہو گا ، 15 سال سیکم عمر، بوڑھے، بیمار افراد کو نمازعید میں شرکت نہ کرنے دی جائے۔ سماجی فاصلہ رکھنے کیلئے صفوں میں 6فٹ فاصلے پر نشانات لگائے جائیں۔ نماز عید کیلئے نمازیوں کو گھر سے وضو کرنے کی تاکید کی جائے، نمازکے بعد مصافحہ، معانقہ کرنے کے ساتھ ساتھ نماز سے قبل اور بعد میں بھیڑ لگانے سے گریز کیا جائے۔ سربراہ اسد عمر نے ملک میں کرونا کی خطرناک صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ 40 سال سیکم عمر والوں میں کرونا سے اموات کی شرح ایک فیصد سیکم تھی جو اب 1.8 فیصد ہوگئی ہے جب کہ 41 سے 50 سال کی عمر والوں میں کرونا سے اموات کی شرح 3.8 فیصد ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ 51 سے 60 سال کی عمر والوں میں کرونا سے اموات کی شرح 7.2 فیصد اور 61 سے 70 سال کی عمر والوں میں کرونا سے اموات کی شرح 11.1 فیصد ہے جب کہ 71 سے 80 سال اور اس سے زائد عمر والوں میں سے اموات کی شرح 15 فیصد ہے۔ دینہ سے نامہ نگار کے مطابق دینہ کے نواحی علاقہ میں 2 بھائی کرونا سے جاں بحق دونوں بھائی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں زیرعلاج تھے پہلے ایک بھائی جبکہ دوسرا چند گھنٹوں بعد دم توڑ گیا۔ دونوں بھائیوں کی انتقال کی خبر سن کر علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ دینہ کے نواحی علاقہ ساگری کے رہائشی دو بھائی اول محبوب اور شاہد محبوب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ پہلے ایک بھائی جبکہ چند گھنٹوں بعد دوسرا بھائی بھی دم توڑ گیا۔ فیصل آباد اور گردونواح میں کرونا کے باعث مزید 24 مریض چل بسے‘ مرنے والوں کی نعشیں لواحقین کے سپرد‘ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ‘کرونا کے پازیٹو کیسز بھی بڑھ گئے۔