کوئی کرونا میں مبتلا ہوا تو ٹیم سے باہر کردیا جائیگا:بھارتی کرکٹ بورڈ
لاہور(سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے انگلینڈ کے دورے پر جانیوالے کھلاڑیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی کورونا سے متاثر ہوا تو اس کو ٹیم سے باہر کردیا جائے گا۔ ٹیم کے فزیو یوگیش پرمار نے کھلاڑیوں کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ممبئی میں قرنطینہ ہونے سے پہلے سب کھلاڑی احتیاط کریں اور اپنے آپ کو الگ تھلگ رکھیں۔ بھارتی ٹیم 19 مئی سے ممبئی میں بائیو سکیور ببل میں داخل ہوگی اس کے بعد انگلینڈ پہنچ کر کھلاڑیوں کو دس روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔یوگیش پرمار کے مطابق بائیو سکیور ببل میں داخلے کے بعد بھارتی کھلاڑی، معاون عملہ اور ان کے اہلخانہ کے افراد کے پہلے روز ہی کرونا ٹیسٹ ہوں گے، اس کے علاوہ بی سی سی آئی کھلاڑیوں کیلئے ایک سپیشل بائیو سکیور ببل تیار کرنا چاہتا ہے ایسا اس لیے ہے کیونکہ دورے پر جارہے 20 کھلاڑی ملک کی مختلف ریاستوں سے ہیں اور کرونا کے معاملے میں سبھی ریاستوں کے حالات مختلف ہیں۔