• news

 سعودی فنڈز سے انفراسٹرکچر ودیگر منصوبوں میں مدد ملے گی:سارک چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر )سارک چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے 500 ملین ڈالر فنڈز کی فراہمی سے پاکستان میں انفراسٹرکچر ، پن بجلی منصوبوں اور آبی وسائل کی ترقی میں مدد ملے گی۔ صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک نے یہ بات ڈاکٹر عائشہ طاہر کی قیادت میں مہوش ، ریعا حین  پر مشتمل بزنس ویمن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک کے مابین طے شدہ مفاہمت کی 7 یاداشتوں میں سے ایک کے تحت سعودی عرب پاکستان میں توانائی ، بنیادی ڈھانچے ، پانی ، نقل و حمل اور مواصلاتی منصوبوں کے لئے مالی اعانت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورے کے نتیجے میں سعودی عرب نے دس لاکھ ملازمتیں پاکستان کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کی ویژن 2030 کے تحت آئندہ 10 سالوں کے دوران سعودی عرب کو ضرورت ہو گی، اس سے زرمبادلہ کے حصول کے علاوہ پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ یہ فیصلہ بے روزگار ہنر مند اور غیر ہنر مند پاکستانی نوجوانوں کے لئے ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرپا، مضبوط اور پائیدار تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی سب سے اہم اور دوطرفہ شراکت داری سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تجارت گذشتہ چند سالوں سے عروج پر ہے۔ اور تجارت کا توازن سعودی عرب کے حق میں ہے کیونکہ پاکستان اپنا بیشتر تیل وہاں سے درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ 2019 میں بھارت اور سعودی عرب کی دو طرفہ تجارت کا حجم 30 ارب ڈالر جبکہ پاکستان اور سعودی ارب کی تجارت کا حجم 1.79 ارب ڈالر رہا جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے۔  

ای پیپر-دی نیشن