مثبت پالیسیوں کے باعث لاک ڈاؤن کے باجود ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا:قیصر بریار
لاہور ( کامرس رپورٹر)وزیرا عظم عمران خان کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے کرونا اور جزوی لاک ڈاؤن کے باجود ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا، ملک کی مجموعی ایکسپورٹ میں 5 سے 7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سیالکوٹ کی ایکسپورٹ میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔ ان خیالات کا اظہار صدر چیمبر آف کامرس سیالکوٹ کے صدر قیصر بریار نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی بروقت مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے، بزنس کمیونٹی کی بھر پور محنت کی وجہ سے سیالکوٹ سمیت پورے ملک میں ایکسپورٹ کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019-20 کے مقابلے میں 2021 میں 30 فیصد ایکسپورٹ بڑھی ہے صرف سیالکوٹ کی ایکسپورٹ 117 ارب سے بڑھ کر 154 ارب تک پہنچ گئی ہے، وزیر اعظم نے مکمل لاک ڈاؤن کے بجائے جزوی لاک ڈاؤن لگا کر کاروبار کا پہیہ رواں رکھا۔ اس وقت کرونا کی وجہ سے عالمی حالات تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔، پاکستان کو دنیا کے کئی اہم ممالک سے آرڈر مل رہے ہیں، بزنس کمیونٹی وزیر اعظم عمران خان کا اس مشکل گھڑی میں بھر پور ساتھ دینے کیلئے تیار ہے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہیں۔