دوست ملک سے بہتر تعلقات پر اپوزیشن کی تنقید ناقابل فہم:فیاض چوہان
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ سعودی عرب پر اپوزیشن کی تنقید پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ایک دوست ملک کے ساتھ تعلقات میں بہتری پر اپوزیشن کا واویلا اچنبھے کے بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری سعودی عرب کی جانب سے چندے اور امداد کا طعنہ دینے سے پہلے حقائق پر بھی ایک نظر دوڑا لیں۔ حالیہ دورے میں کیے گئے ایک معاہدے کے تحت سعودی عرب پاکستان کو 500 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ یہ رقم پاکستان میں انفراسٹرکچر، ہائیڈرو پاور اور توانائی کے دیگر منصوبوں میں استعمال ہو گی۔ جبکہ 2005 سے 2014 تک اسی مد میں پیپلز پارٹی حکومت نے سعودی عرب سے 250 ملین ڈالر کی امداد وصول کی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ سعودی جیلوں میں قید گیارہ سو پاکستانیوں کی واپسی اس دورے کا انتہائی اہم نتیجہ رہا۔