20.9 ملین ٹن گندم کی پیداوار کا ہدف حاصل کرنا ایک ریکارڈ ہے:جہانیاں گردیزی
لاہور( کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے موثر اقدامات کی بدولت ماضی کی نسبت صوبہ پنجاب میں گندم کی بمپر کراپ حاصل کی گئی ہے اس سلسلے میں پنجاب میں گزشتہ سال کی نسبت 20.9 ملین ٹن سے زائد گندم کی پیداوار کا ہدف حاصل کیا گیا جو ایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور مہم کے بعد صوبے کے 16.1 ملین ایکٹر سے زائد ریکارڈ رقبے پر گندم کاشت کی گئی جس کے ذریعے31.5 من فی ایکٹر گندم اور 20.9 ملین ٹن کی پیداوار حاصل کی گئی۔اس کامیابی کا سہرا کسان بھائیوں کی انتھک محنت اور زرعی سائنسدانوں کے سر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان آمد پر میڈیا بریفننگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ زراعت وزیراعظم کے زرعی اصلاحات پروگرام پر عمل پیرا ہوکر کسانوں کو مثالی ریلیف دے رہے ہیں۔کسانوں کو انکی فصل کا مکمل معاوضہ فراہم کیا جائے گا تاکہ انکی حوصلہ افزائی ہو اور مستقبل میں بھی بمپر کراپ حاصل کی جاسکے۔