• news

خانقاہ ڈوگراں:کار نہر میں گرنے سے11افراد جاں بحق،وزیر آباد:گاڑی نے6بھکاری کچل دیئے

خانقاہ ڈوگراں‘ قلعہ دیدار سنگھ‘ شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) بھوتن پورہ نہر کے حفاظتی جنگلے نہ ہونے کی وجہ سے ایک اور حادثہ، کار نہر میں جا گری۔ ڈپٹی کمشنر شیخورہ اور محکمہ ہائی وے کی مجرمانہ غفلت‘ ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی جانیں لے گئی۔ شہریوں نے حادثے کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق قلعہ دیدار سنگھ کے رہائشی تاجر میاں یونس علی کا بیٹا افضل اپنے بیوی بچوں اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ ذاتی کار پر خانقاہ ڈوگراں میں رشتہ داروں کو عید ملنے کیلئے جا رہے تھے کہ بھوتن کے قریب نہر پر خطرناک پل کو کراس کرتے ہوئے کار نہر میں جا گری اور تمام کار سوار افراد پانی میں ڈوب گئے۔ کار کو نہر میں گرتے ہوئے دیکھ کر قریبی کھیتوں میں کام کرنیوالے کسانوں کی چیخ و پکار سن کر راہگیر اور دیہاتی جمع ہو گئے۔ جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کار کو نہر سے نکالا اس دوران کار میں سوار تمام افراد جاں بحق ہو چکے تھے۔ نارووال میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق، ایک شدید زخمی۔ بتایا گیا ہے کہ نارووال کے قریب گائوں مسلمانیاں کے قریب سامنے سے آنے والی تیز رفتار کار کی موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی۔ جس کے باعث خالہ زاد بہن سمیت 3 بہن بھائی جان بحق جبکہ ایک چھوٹا بچہ شدید زخمی ہو گیا۔  احسن اقبال تعزیت کیلئے متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ گئے اور واقعہ پر تعزیت کی۔ وزیر آباد میں   ٹائر پھٹنے کے باعث گاڑی قلا بازی کھاتے ہوئے بھکاری پر جا گری۔ چار خواتین سمیت  6 جاں بحق  ہو گئے۔ مرنیوالوں میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد بھی شامل، نعشوں اور زخمیوں کو ریسکیو 1122 کے عملہ نے ہسپتال پہنچا دیا۔ بھیک مانگ کر عمر میرج ہال جی ٹی روڈ کے کنارے کھڑے تھے کہ مولانا ظفر علی خان بائی پاس کی طرف سے آنیوالی تیز رفتارگاڑی جس کو لاہور کا رہائشی 18سالہ طیب چلا رہا تھا اور اسکے ہمراہ 12سالہ واعظ احمد اور 11سالہ سہیل احمد تھے۔ کار کا ٹائر برسٹ ہوگیا۔ کار بے قابو ہو کر خانہ بدوش افراد کو روندتے ہوئے اور قلابازیاں کھاتے ہوئے لوہے کے پول کے ساتھ جا ٹکرائی۔ جس کے نتیجہ میں بھکاری موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ شاہینہ مائی اور کار سوار شدید زخمی ہو گئے۔ سمبڑیال میں ٹریفک حادثہ کا شکار ہونے والے دو نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سمبڑیال کے محلہ الیووالی کے رہائشی عبدالغفار کا 18سالہ بیٹا حسنین اپنے 2دوستوں منڈیکی گورائیہ کے رہائشی راشد اور آصف کے ہمراہ عید کی خریداری کیلئے ان کے گھر سے براستہ موترہ لنک روڈ سیالکوٹ جا رہے تھے کہ گائوں ٹھٹھہ کے قریب گدھا گاڑی سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہو کر شدید زخمی ہو گئے۔ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے حسنین موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دو بچوں کا باپ آصف سول ہسپتال سیالکوٹ میں 1 روز زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملا۔ ظفر وال سے تیز فتار ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔ لڑکی سمیت 2 افراد موقع پر جاںبحق ہو گئے۔ ظفروال کے نواحی گائوں پنڈی چنیانی روڈ پر تیز فتار ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کا شکار ہونے والوں میں 16سالہ انضمام اور 17سالہ فاطمہ اپنے رشتہ داروں کو عید ملنے جا رہے تھے۔ تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن