کابل،نماز جمعہ کے دوران مسجد میں بم دھماکہ،امام سمیت12شہید،طالبان کی مذمت
کابل (صباح نیوز + انٹر نیشنل ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل کی مسجد میں بم دھما کے سے امام سمیت 12 نمازی شہید جبکہ 15 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران دھماکہ ہوا۔ عید کے دوسرے روز کابل کی اس مسجد میں بڑی تعداد میں لوگ جمعے کی نماز کے لیے جمع ہوئے تھے۔ عید کے موقع پر طالبان اور افغان حکومت نے تین روز کے لیے مکمل طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ پولیس کے ایک ترجمان فردوس فرمارز نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مسجد کے امام بھی شامل ہیں۔ دھماکا خیز مواد نماز سے پہلے ہی مسجد میں لا کر رکھا گیا تھا۔ افغانستان کے ایک نجی میڈیا ادارے ٹولو نے اپنی ایک ٹویٹ میں دھماکے سے ہونے والے نقصان کی تصاویر پوسٹ کی ہیں جس میں مسجد کی امام مفتی نعمان کی بھی تصویر ہے۔ ادارے نے پولیس حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ کابل کے شکر دارہ ضلع کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں مسجد کے امام سمیت 12 افراد شہید ہو گئے۔ دوسری طرف طالبان نے حملے کی مذمت کر دی۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اﷲ مجاہد نے مسجد میں حملے کی مذمت کی ہے۔قندھار میں کار تباہ ہو گئی ، میوند میں سڑک کنارے بم دھماکے میں دو بچوں سمیت 7افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے