شہباز شریف کے بلاول،فضل الرحمن سمیت سیاسی،رہنمائوں کو فون،عید کی مبارکباد
لاہور+اسلام آباد(آئی این پی +نمائندہ خصوصی) شہباز شریف نے قومی اور سیاسی رہنمائوں کو ٹیلی فون کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد دی ۔ شہبازشریف نے فضل الرحمان کو ٹیلیفون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ لیگی صدر نے فضل الرحمان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے عیدالفطر کے بعد پی ڈی ایم اجلاس بلانے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ فلسطین پر اسرائیلی وحشیانہ حملوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے گفتگو میں شہباز شریف نے آصف زرداری اوراہل خانہ کیلئے عید پر مبارک باد کا پیغام دیا۔ شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور سینیٹر فیصل سبزواری کو بھی ٹیلیفون کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، لیاقت بلوچ، ساجد میر، اویس نورانی، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی، ایمل ولی ،غلام بلور، آفتاب شیرپاؤ، اختر مینگل، محمود اچکزئی، عبدالمالک بلوچ سے بھی گفتگو کی۔ ٹیلیفونک رابطوں میں رہنمائوں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ خیال کیا اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے جاوید لطیف کے بھائی اور بیٹے کو ٹیلی فون کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی جاوید لطیف کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتی ہے۔ جاوید لطیف اور ان کے اہلخانہ نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔