کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا ہے کہ آج یا منگل کو شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نوٹس جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔ وفاق نے شہباز شریف سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست تیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے متعلق ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں کل دائر کرے گی۔ پٹیشن 1973ء کے آئین کے آرٹیکل 185 تھری کے تحت دائر کی جائے گی۔ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی ضمانت کی درخواست کچھ روز قبل ہائی کورٹ کے فاضل ججز نے خارج کی۔ کیا درخواست پر کسی مجاز میڈیکل بورڈ کی بغیر تصدیق اجازت دی جا سکتی ہے؟۔ پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائی کورٹ کے 7 مئی 2021ء کے حکم کو معطل کیا جائے۔ اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی اجازت دی جائے۔