فلسطینیوںسے یکتجی:جامعہ نعیمیہ لاہور کے زیر اہتمام مظاہرہ اسلام آباد میں ریلی
لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں ریلی نکالی گئی۔ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار نوجوان ریلی میں شریک ہوئے۔ مظاہرین نے اسرائیل کیخلاف نعرے لگائے۔ ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی اپیل پر جامعہ نعیمیہ سے منسلک ملک کی 7 سو سے زائد مساجد اور مدارس کے ذمہ داروں‘ طلباء نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا اور دہشت گرد اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی برادری خصوصاً امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر اسرائیلی بربریت کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ ترجمان کے مطابق مساجد اور مدارس کے ذمہ داران کی قیادت میں مظاہرین نے نماز ظہر کے بعد مساجد کے باہر پلے کارڈز اٹھاکر پر امن احتجاج کیا اور مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو نظرانداز کرکے متحد ہو اور مغرب کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مظاہرین سے خطاب کرتے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں مسلمان کفار کے مظالم کا شکار ہیں ان کو ظالموں سے نجات دلانے کے لئے متحد ہونے کا وقت آچکا ہے، اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں کیوں کہ پوری دنیا میں مسلمان زیادتیوں کا شکار ہیں۔ تڑپتے اور بلکتے معصوم بے گناہوں کے جنازے بھی مسلمان قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کے لئے جھنجھوڑ نہیں سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم نے امت مسلمہ کی غیرت کو چیلنج کیا ہے۔ اب امہ پر فرض ہے کہ وہ غیرت ایمانی کے ساتھ سینہ تان کر مغرب کے مظالم کا مقابلہ کرے۔ تبھی فلسطینیوں کو آزادی ملے گی اور کشمیر آزاد ہوگا۔ بلوچستان حکومت نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج صوبے بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا ہے۔