• news

سچ غداری تو بار بار کریں گے،حکومتی کشتی ہچکولے کھا رہی:مریم نواز

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی/ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ اب بہت جلد نواز شریف کا سورج طلوع اور عمران خان کے اقتدار کا سورج غروب ہونے کو ہے۔ حکومتی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے ۔ ان لوگوںکا یوم حساب قریب آگیا ہے۔ عوام کے فیصلے عوام پر چھوڑ دئیے جائیں پھر پاکستان کی عوام جانیں‘ عمران خان اور نواز شریف جانے۔ سن لو! اب عوام کا ڈر ختم ہوچکا ہے۔ اب نواز شریف لندن میں بیٹھے ہیں اور عوام کے فیصلے ان کے حق میں آرہے ہیں۔ یہ فیصلے پاکستان کی سیاست پر اثرانداز ہونے والوں کیلئے نوشتہ دیوار ہیں۔غداری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے والوں کو اب کوئی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ مادر ملت فاطمہ جناح سے لیکر نواز شریف، مریم نواز اور پھر جاوید لطیف تک غداری کے سرٹیفکیٹ دئیے گئے جسے عوام نے مسترد کرکے ان کو محب وطن قرار دیا ہے۔ انشاء اللہ پاکستان کو نوازشریف ہی مسائل اور مشکلات کی دلدل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی شاہراہوں پر گامزن کرسکتے ہیں۔ کیونکہ اب عوام پوری طرح نواز شریف کے بیانہ کیساتھ کھڑی ہوچکی ہے۔ اگر پاکستان میں آئین، قانون کی بالادستی، عوام کی حکمرانی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی کیساتھ ساتھ 22کروڑ عوام کے حقوق کے تحفظ اور قومی اداروں کی آزادی اور خودمختاری کی بات کرنا غداری ہے تو پھر میرے سمیت 22کروڑ عوام یہ جرم کرتی رہے گی۔ جاوید لطیف ایک محب وطن پاکستانی ہے۔ تین مرتبہ منتخب ہونے والے شخص کو غدار قرار دینا اس کے حلقہ کے عوام، انتخاب پر ڈاکہ اور ان سے زیادتی اور ناانصافی ہے۔ اس سے صرف جاوید لطیف ہی نہیں بلکہ پوری شیخوپورہ کے عوام کو غداری کا لقب دیا گیا ہے۔ غداری کے لقب صرف اور صرف سچ بولنے اور نااہل، نالائق حکمرانوںکیخلاف ڈٹ کر بات کرنے کی بنا پر دئیے جارہے ہیں۔ اب وقت تیزی کیساتھ بدل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کی اقامت گاہ پر انکی والدہ، اہلیہ، برادران سے اظہار یکجہتی کی ملاقات کے بعد میاں ہائوس کے باہر ایک بڑے عوامی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نواز لیگ کے مرکزی سینئر رہنما پرویز رشید، خرم دستگیر خان، طلال چودھری، کیپٹن (ر) صفدر، مریم اورنگزیب، رکن پنجاب اسمبلی مرزا محمد جاوید، سابق چیئرمین بلدیہ میاں امجد لطیف، مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر میاں منور اقبال، جنرل سیکرٹری میاں رفاقت علی، نواز لیگ کے نائب صدر اور میاں جاوید لطیف رہائی کمیٹی کے چیئرمین چودھری شہباز چھینہ، مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں ذیشان پرویز، سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی ملک پرویز اقبال، شیخ عظیم جاوید، میجر حسن سردار، محمد اشفاق پپو مہر، ملک اعجاز احمد، ملک عرفان اسلام، حاجی جاوید بھولا گادھی، بابر منشائ، میاں تنویر احمد، حاجی یعقوب بگا سمیت دیگر موجود تھے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ غداری کی فیکٹری سے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے والو ’’تم ہار چکے ہو‘‘۔ اب عوام اپنے حقوق کیلئے بات کرنے سے ڈرتی نہیں ہے۔ اس سے بڑی تبدیلی اور کیا ہوسکتی ہے نواز شریف لندن میں بیٹھے ہیں۔ نواز شریف کو چور ڈاکو قرار دیکر اس کی مہم چلانے والوں کو اب ہر میدان میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوام نے نہ صرف ووٹ کو عزت دو کی تحریک کو کامیاب کیا ہے۔ ڈسکہ، خوشاب کا الیکشن اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کو بتاتی ہوں کہ اصل غدار کون ہیں۔ جنہوں نے امریکہ میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کرکے اس کو پلیٹ میں رکھ کر نریندر مودی کے حوالے کیا، بین الاقوامی میڈیا پر بیٹھ کر پاکستان کے سفیروں کے بارے میںکہا کہ ان میں کام کرنے کی کوئی صلاحیت نہ ہے، ملک و قوم کیساتھ دھوکہ دیکر ان کی زندگیوں سے کھیلنا اور قوم کو گداگر اور بھکاری بنانا بھی غداری ہے۔ عوام کو رمضان المبارک میں قطاروں میں کھڑا کرکے ذلیل و رسوا کرنا بھی غداری کے زمرے میں آتا ہے۔ عمران خان بھارت میں بیٹھ کر فوج کے بارے میں بات کرے تو یہ غداری نہیں۔ 2018ء میں آر ٹی ایس کو بیٹھا کر عوام کے ووٹوں کو چوری کرنا غداری نہیں۔ دھونس دھاندلی سے میڈیا کو خاموش کروا کر جسٹس فائزعیسی، جسٹس شوکت صدیقی کو متنازع بنانا کیا یہ پاکستان کیساتھ مذاق اور آئین سے غداری اور بغاوت نہ ہے۔ انہیں سچ بولنے کی سزا دی گئی ہے۔ پارلیمنٹ کے بعد اب عدلیہ کو بھی متنازع بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ کیا یہ آئین وقانون سے غداری نہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ گولڈ سمتھ کی انتخابی مہم چلانے والا عمران خان آج کس منہ سے فلسطین کے مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ظلم اور ناانصافی کی رات ختم ہونے کو ہے۔ میں مطالبہ کرتی ہوں کہ غداری، بغاوت کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور عوام کے فیصلوں کو عزت اور توقیر دی جائے۔ اسی میں ملک، قوم اور جمہوریت کا مفاد مضمر ہے۔  شیخوپورہ کے تاجروں نے بڑی تعداد میں صدر مرکزی انجمن تاجران میاں ذیشان پرویز، جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال، نائب صدر شیخ عظیم جاوید، ملک ندیم یوسف ڈالو، میاں منور اقبال، میاں رفاقت علی، چوہدری شہباز احمد چھینہ، ملک نعمان شہزاد ڈوگر، چوہدری محمد ریاض ورک، میجر حسین سردار کی سربراہی میں مریم نواز شریف کا خیر مقدم کیا۔ جبکہ سابق چیئرمین بلدیہ شیخوپورہ میاں امجد لطیف اور میاں انور لطیف کی سربراہی میں پارٹی کارکنوں نے مریم نواز شریف کی گاڑی پر منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

ای پیپر-دی نیشن