• news

اسرائیلی جارحیت: فضل الرحمن‘ سراج الحق کا جمعہ کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان

لاہور‘ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل کے بے رحمانہ اور انسانیت سوز مظالم ناقابل قبول ہیں۔ فلسطین ایشو پر غیروں سے زیادہ اپنوں نے نقصان پہنچایا ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ ہمیشہ فلسطین کی آزادی کے لیے آواز اٹھاتے رہے۔ فلسطین کے جو حالات آج ہیں وہ قائد کے عہد میں بھی موجود تھے لیکن قائد اعظم نے اس درد کو جس کرب کے ساتھ محسوس کیا آج ہم اس کے احساس سے ہی محروم ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود اور ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ 21 مئی ملک بھر میں قوم سے احتجاجی مظاہروں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیہ جنم لے رہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے امریکی ویورپی علمبردار بہرے اور گونگے بنے ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والا ظلم ان کو نظر آتا ہے نہ ہی بچوں اور عورتوں کی سسکیاں ان کو سنائی دیتی ہیں۔ فلسطین پر ہونے والے حملے تاریخ کی بد ترین دہشت گردی ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو جانا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم اور بدترین درندگی سے وہاں کی صورتحال انتہائی نازک ہوچکی ہے۔ ان مظالم نے ثابت کیا ہے اسرائیل دہشت گرد اور درندہ ہے۔ جے یو آئی اسی دہشت گردی کے خلاف جمعہ 21 مئی کو ملک گیر احتجاج کرے گی۔ غزہ میں میڈیا دفاتر اور فلیٹس کو تباہ کر نا دراصل دنیا کو اسرائیلی دہشت گردی سے آگاہ کرنے سے روکنا ہے تاکہ اسرائیل اپنا مشن پورا کر سکے۔ اسرائیلی دہشت گردی نے عالم اسلام کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ اسلامی ممالک کے سر براہان کی خاموشی انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ مسلم حکمران بے حسی چھوڑ کر فلسطینی عوام پر مظالم رکوانے کے لیئے عملی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن