شوبازی کادور گزر گیا،اڑھائی سال میں سابق دور کی خرابیاں درست کیں،عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے شروع کئے ہیں۔ ان منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل بے حد ضروری ہے۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔عوام کے خون پسینے کی کمائی کے امین ہیں، کسی کو پراجیکٹس میں بے قاعدگی یا بے ضابطگی نہیں کرنے دیں گے۔ ڈلیور کرنے والے افسروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے اور عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسروں کی بازپرس ہوگی۔ تساہل اور کرپشن قعطاً برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت استعمال نہ کرنے والے محکموں کی جواب طلبی ہوگی۔ فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام ضروری ہے۔ معیار پر پورا فوکس ہونا چاہئے۔ بعض محکموں کی جانب سے سست روی کا مظاہرہ قابل قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا ہے۔ اڑھائی برس میں سابق دور کی خرابیوں اور غلطیوں کو درست کیا ہے۔ سابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔ آئندہ سے جنوبی پنجاب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام علیحدہ بنے گا۔ جنوبی پنجاب کے بجٹ کو کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کیاجاسکے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی۔