مہاتیر محمد کا فون :عالمی برادری فلسطینیوںکے بچائو کیلئے اقدامات کرے،عمران
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں راہنمائوں نے فلسطین کی نازک صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا۔ دونوں راہنمائوں نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور نہتے اور معصوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں اور غزہ پر فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے زور دیا کہ عالمی برادری کی طرف سے اسرائیلی حملے روکنے سویلین کے بچائو اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دو ریاست وژن کی بنیاد پر منصفانہ اور پائیدار حل میں سہولت کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے عالمی بینک کی جانب سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو دنیا کے صف اول کے چار سماجی تحفظ کے پروگراموں میں شامل کرنے پر غربت کے خاتمے کے بارے میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم مبارکباد دی ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام سنگ میل ہے اور عالمی سطح پر پذیرائی کا مستحق ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس آج پی ایم ہاؤس طلب کر لیا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ شہباز شریف کیسز سمیت اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں مسئلہ فلسطین پر بھی غور کیا جائے گا۔