• news

حکمرانوں کا احتساب قریب‘ عمران کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے: مریم اورنگزیب

جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سابق وزیر مملکت طلال چوہدری، سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کا احتساب بھی بالکل قریب ہے۔ نواز لیگ مطالبہ کرتی ہے وزیراعظم عمران خان کا نام بھی فوری طور پر ای سی ایل میں ڈالا جائے کیونکہ انکے دور میں چینی،آٹا، ادویات، گیس، بجلی کا بحران پیدا ہونے اور معاشی طور پر ملک کو کمزور کرنے کے باعث عوام کو ناقابل تلافی نقصانات ہوئے ہیں۔ جس کے ذمہ دار براہ راست وزیراعظم عمران خان ہیں۔ 19 سال بعد حدیبیہ پیپر مل کا کیس ری اوپن کرنا حکومت کی بددیانتی اور فسطائی ذہنیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ کیس پانچ عدالتوں میں زیر سماعت ہوکر اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔ عید کی چھٹیوں میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال کر حکومت نے نہ صرف عدلیہ کے فیصلہ کی توہین اور تضحیک کی ہے بلکہ اپنی آمرانہ سوچ کا بھی ثبوت دیا ہے۔ جاوید لطیف سمیت نواز لیگ کے دیگر رہنماؤں کیخلاف غداری، بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات حکومت کی بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا ثبوت ہے۔ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نواز لیگ مرعوب نہیں ہوگی۔ پی ڈی ایم کی طرف سے حکومت مخالف تحریک چلانے کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر مملکت طلال چوہدری کی اقامت گاہ پر ن لیگیوں شیخ ابوبکر، حاجی عطا محمد ملک، محمد علی ناہرہ، رانا اشتاق، سعید انور بھولا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع طلال چوہدری نے کہا حکومت کو شرم آنی چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اپنی تمام تر توانائیاں سیاسی مخالفین کو دیوار کیساتھ لگانے پر صرف کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن