اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے علمبردار اداروں کے ضمیر مردہ ہو چکے: زبیر ظہیر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے ضمیر مر دہ ہوچکے ہیں۔ امر یکہ اور یورپی ممالک بھی پر امن شہر یوں اور معصوم بچوں کے قتل عام پر خاموشی سے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ بلکہ اسرائیل کی پشت پناہی کر کے انسانیت دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس سے بڑا المیہ یہ ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں ہمارے مسلمان بھائیوں کی لاشیں خاک وخون میں تڑپائی جا رہی ہیں اور ہم رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے مسئلہ پر محاذ آرائی میں مصروف ہیں۔ اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اگر ہم متفقہ اور غیر متنازعہ عید کرنا چاہتے ہیں تو ایک ہی حل ہے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی رویت پر یقین کریں اور انکے ساتھ عید منائیں۔ ہمیں ہر طرح کی فرقہ واریت اور محاذ آرائی ختم کر کے مظلوم کشمیر ی اور فلسطینی عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات کی طرف بڑھنا چاہیے۔