یورپی یونین پارلیمنٹ کے وائس چیئرمین کو فون‘ اسرائیل نے حد پار کر لی: گورنر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) گورنر پنجاب چودھری سرور نے یورپی یونین پارلیمنٹ کے وائس چیئرمین کیسالڈو سے ٹیلی فون پر بات کی۔ کیسالڈو نے کہا کہ یورپی یونین فلسطین کی صورتحال پر کردار ادا کرے گا۔ فلسطینیوں پر ظلم انسانیت کا مسئلہ ہے۔ خواتین اور بچوں کی شہادتیں مہذب دنیا کیلئے چیلنج ہیں۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومتی مخالفین ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی سیاست کر رہے ہیں مگر وزیراعظم عمران خان اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹنے والے لیڈر نہیں۔ اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن حکمت عملی بنانا ہوگی۔ معصوم فلسطینیوں کے قتل پر خاموش رہنے والے بھی کسی مجرم سے کم نہیں ہونگے‘ یورپی یونین کو ملکی برآمدت میں1.1ارب ڈالرز کا اضافہ معاشی ترقی کا ثبوت ہے۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں تحریک انصاف کے ایم این ایز کر امت کھوکھر‘ راحت امان اللہ‘ ایم پی ایز امین چوہدری‘ ملک ندیم بارا اور وزیراعلی کے کوارڈی نیٹر عون چوہدری سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گرد اسرائیل نے انسانیت سوزی کی تمام حدیں عبور کر لیں ہیں۔ 22کروڑ پاکستانی اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ چٹان جیسی مضبوطی سے کھڑی ہے۔