• news

کرونا :مزید74اموات،پنجاب میں پھر کیسز بڑھ گئے

اسلام آباد+ لاہور+ گوجرانوالہ  (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی)  کرونا کے باعث مزید 74 افراد موت کی وادی میں چلے گئے۔ پشاور ایئرپورٹ پر یو اے ای پلٹ 27 مسافروں میں وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ جعلی سرٹیفکیٹ پر مسافروں کو پاکستان لانے والی نجی ایئرلائن پر جرمانہ، اجازت نامہ منسوخ کر دیا گیا۔ ملک میں 9 روز لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ اور کاروبار زندگی بحال ہو گئی۔ پنجاب بھر میں 2 روز کے بعد کیسز میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مزید  44 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ 1700 نئے کیس سامنے آ ئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق  پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد19ہزار617 تک پہنچ گئی۔3232 افراد میں کرونا کی تصدیق اور ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح تقریبا ً8.80 فی صد رہی، متاثرین کی مجموعی تعداد آٹھ لاکھ 80 ہزار 362ہو گئی، بیرون ملک سے پشاور پہنچنے والے مسافروں میں کرونا کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ نجی ایئرلائن کی پرواز سے 175مسافر پشاور پہنچے تھے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد تفریحی مقامات، پارکس، تعلیمی ادارے ،شادی ہال، مارکیز، چڑیا گھر، وائلڈ لائف پارک اور سیاحتی مقامات تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں پھیلے ٹرپل میوٹینٹ کرونا کے پاکستان پہنچنے کا ثبوت نہیں ملا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان آنے والے مسافروں کی سخت نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ نے پاکستان سے انڈین ویرینٹ اپنے ملک پہنچنے کا تاحال کوئی ثبوت نہیں دیا۔ مسافروں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ سیاحت پر پابندی سے متعلق جلد ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، قصور، مظفر گڑھ، راولپنڈی، بھکر، بہاولپور،گوجرانوالہ، لیہ اور رحیم یار خان سمیت 20 زیادہ متاثرہ اضلاع میں مزارات مزید 31مئی تک بند رہیںگے تاہم ان اضلاع کے علاوہ دیگر اضلاع کے مزارات کھولنے کا حکم دیا گیا ہے۔گوجرانوالہ ڈویژن میں بھی 9 روز سے جاری لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا۔ عیدالفطر کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد تجارتی مراکز میں چہل پہل دیکھنے میں آئی۔ دوسری طرف بازاروں، مارکیٹوں میں پولیس کا گشت بھی جاری ہے۔تھانہ ہربنس پورہ کا ہیڈ کانسٹیبل احمد گزشتہ روز کرونا کے باعث جاں بحق ہو گیا ہے جو میو ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔

ای پیپر-دی نیشن