ملتان :جاوید ہاشمی کا بغیر نقشہ منظوری میرج ہال مسمار، مریم نواز کی مذمت
ملتان ،مخدوم رشید ، لاہور (خصو صی رپورٹر،سپیشل رپورٹر،نامہ نگار ، این این آئی) ضلعی انتظامیہ ملتان نے مخدوم رشید میں سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے میرج ہال کو ناجائز تعمیر قرار دیتے ہوئے گرا دیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ انتظامیہ میرے خلاف انتقامی کاروائی کر رہی ہے۔اے سی صدر نے کہا کہ تعمیرات بغیر نقشہ منظوری کے کی گئیں تھیں اس لیے غیرقانونی تعمیرات کو گرایا ہے۔اے سی صدر کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے مخدوم رشید کے موضع گھڑیالہ میں واقع جاوید ہاشمی کے نوبہار میرج کلب کا گھیرائو کیا اور مشینری کے ذریعے اس کو گراد یا۔ اس موقع پر جاوید ہاشمی موقع پر پہنچے تو انتظامیہ سے بات چیت کی اور کہا کہ مجھے گرفتار کریں میں حاضر ہوں۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ یہ رقبہ ہمارا جدی پشتی رقبہ ہے۔ محکمہ اوقاف یا کسی اور سرکاری رقبے پر کوئی قبضہ نہیں کیا ہوا ہے۔اگر کسی کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لے آئیں۔ہمیں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا ہے۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے اپنے موقف میں بتایا کہ مخدوم رشید کے موضع گھڑیالہ میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کی چادر چار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے ،یہ گھٹیا سوچ اور زہنیت کی عکاس ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ جو چاہے کر لو، وقت بدل رہا ہے۔