اسرائیل کی حمایت پر احتجاج: مسلم تنظیموں نے جوبائیڈن کی عید ملن کا بائیکاٹ کر دیا
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی مسلم تنظیموں نے اسرائیل کی حمایت کرنے پر احتجاجاً وائٹ ہاؤس کی عید ملن کا بائیکاٹ کر دیا۔ بیان میں کہا ہے کہ ان کا ضمیر انہیں اس عید ملن میں شرکت کی اجازت نہیں دیتا، کیونکہ اسرائیل غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے اور امریکا اسرائیل کی نہ صرف مدد کر رہا ہے کہ بلکہ اس کی بمباری کو درست بھی قرار دے رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ہر سال مسلمانوں کو عید ملن دی جاتی ہے اور اس سال صدر جوبائیڈن کی طرف سے کرونا کے باعث آن لائن عید ملن کی تقریب ہوئی جس میں مسلم تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت نہیں کی۔ امریکن مسلم فار فلسطین نے بھی عید ملن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی اس بے حسی کا سخت جواب دینا ضروری ہے۔ ہم وائٹ ہاؤس کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ فلسطینیوں کی قیمت پر سیاسی مقاصد کے لیے ہماری عید کا استحصال اور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔