• news

کرونا‘ بھارت کی ناکام حکمت عملی سے بین الاقوامی بحران پیدا ہو گیا: فواد چودھری

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے کرونا سے نمٹنے کی ناکام حکمت عملی نے ایک بین الاقوامی بحران پیدا کر دیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں بھارت کے عوام کے ساتھ ہیں تاہم بھارتی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں سے پورے خطے اور پڑوسیوں کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے مریم نواز کے ایک جلسے کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں کرونا ایس او پیز کی شدید خلاف ورزیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا  کہ کرونا پر سیاست نہیں کرنا چاہتے لیکن نون لیگ کی لیڈر شپ اپنے ہمسایہ دوستوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کرونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑائے تو اس کی بھرپور مذمت کرنا فرض ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ بطور شہری اور سیاسی لیڈر بھی کچھ ذمہ داریاں ہیں۔ اگر سیاسی رہنما اپنی ذات سے آگے نہیں سوچ سکتے تو انہیں قیادت کا دعویٰ نہیں کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے (ن) لیگ کے جلسے کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں حمزہ شہباز اور جلسے کے شرکا کی بڑی تعداد بغیر ماسک دکھائی دے رہی ہے۔ دریں اثناء وزیر اطلاعات فواد چودھری سے یورپی یونین کی سفیر اندر ولا کمینیارا نے ملاقات کی۔ فواد چودھری نے غزہ میں بگڑتی انسانی صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا۔ صورتحال پر قابو پانے میں مدد‘ مناسب حل کی فراہمی عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان نے جمعہ کو فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن قرار دیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن