آل پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کا اجلاس ‘ڈسپیریٹی الاؤنس نہ دینے کیخلاف پرسوںاحتجاج کاا علان
لاہور (سٹاف رپورٹر ) آل پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کا اجلاس گورنمنٹ ایم اے او کالج میں ہوا جس میں آل پاکستان کلرکس الائنس (ایپکا) کے مختلف یونٹس کے سربراہان، پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن ، متحدہ محاذ اساتذہ، پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن، سب انجینئرز، انجمن پٹواریاں، سوشل سکیورٹی ایمپلائز یونین، اور ہوسپٹل ہیلتھ پروفشنلز نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت الائنس کے چیئرمین خالد جاوید سنگھیڑا نے کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہم سے 25 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کا وعدہ کیا تھا جسے تاحال پورا نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بیوروکریسی کے رویے اور حکومت کی بے نیازی سے تنگ آ کر 20 مئی کو لاہور سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کریں گے جس میں پنجاب حکومت کے ملازمین کی تمام تنظیمیں بھرپور شرکت کریں گی۔