ریسکیو یومیہ 900حادثات کو رسپانس کرتا ہے:رضوان نصیر
لاہور(نامہ نگار)ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس،ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیرنے بڑھتے ہو ئے روڈ ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہا ر کر تے ہو ئے کہا کہ ریسکیو1122روزانہ کی بنیاد پرلگ بھگ900سے زائدروڈ حادثا ت کو رسپانس کرتاہے جس سے یہ ظاہر ہو تا ہے کہ پنجاب میں روزانہ ایک منٹ 6سیکنڈ میں ایک روڈ ٹریفک حادثہ رونما ہو رہاہے اور ان حادثات میں اوسطاََروزانہ 500 سے زائدشدیدزخمیوںکوہسپتال داخل کرنا پڑتا ہے جن میں سے بد قسمتی سے 83فیصد روڈ حادثات کے زخمی موٹر سائیکل سوارہو تے ہیں۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے ریسکیو ہیڈ کواٹرز میں یو این گلوبل روڈ سیفٹی ویک 17مئی سے 23مئی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ہیڈکواٹرز کے تمام شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب نے تمام فرسٹ ریسپانڈر بشمول ریسکیو1122،پولیس ، پرامیڈیکس ، اور کمیونٹی ورکرز جو کسی بھی حادثہ کے فوری بعد مدد کو پہنچتے ہیں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پرڈی جی ریسکیو پنجاب نے روڈ ٹریفک حادثات کے اعدادوشمار کا جائزہ لیتے ہو ئے کہا کہ ریسکیو سروس نے اکتوبر 2004سے 28لاکھ روڈ ٹریفک حادثات پر رسپانڈ کیا ۔