شہباز شریف کی بیرون ملک جانے کے حکم پر عملدرآمد کیلئے درخواست‘ اعتراض ختم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے احکامات پر عمل درآمد کی درخواست پر اعتراض ختم کر دیا اور اسے باقاعدہ طور پر سماعت کیلئے متعلقہ بنچ میں مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت‘ نیب‘ وزرات داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ شہباز شریف کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی لیکن عدالتی حکم کے باوجود شہباز شریف کو ایئر پورٹ پر روک لیا گیا۔ وکلا نے یہ نکتہ اٹھایا کہ عدالت نے سرکاری وکلاء کی موجودگی میں فیصلہ سنایا جس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ہائی کورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کر دیا تھا۔ درخواست گزار براہ راست لاہور ہائی کورٹ میں آنے کی بجائے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ عدالت نے کہا کہ دیکھنا ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی گئی۔ اگر ایسا ہوا تو قانون خود ایکشن لے گا۔ وکلا نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ درخواست کے ناقابل سماعت ہونے کے بارے میں ہائیکورٹ کے اعتراض کی بھی نشاندہی کی اور اعتراض ختم کرنے کی استدعا کی۔