• news

ہر محکمے کی کار گردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرپشن کانیوالوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے،عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے ہر محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کے صوبائی محکموں کے سیکرٹریز اڑھائی سال کے اقدامات اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیں گے۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت کے لئے کئے گئے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے اور محکموں کو ضروری ہدایات دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں محکمہ داخلہ کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ داخلہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا اور مستقبل کے اہداف کو حاصل کرنے  کے لئے مزید محنت سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کی 7جیلوں میں ملٹی سٹوری بیرکس بنائی جائیں گی۔ ملٹی سٹوری بیرکس میں 10ہزار قیدیوں کی گنجائش ہوگی۔ سزا وجزا کے بغیر کوئی نظام آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اڑھائی برس میں پنجاب کی مختلف جیلوں میں کرپشن اور فرائض سے غفلت برتنے پر 1319 ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ صوبے کے 6اضلاع میں نئے چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ بنائے جا رہے ہیں۔ بلوچ لیویز کا دائرہ کار راجن پور تک بڑھا دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے پنجاب میں سمگلنگ روکنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سمگلنگ روکنے کے لئے متعلقہ اداروں کو متحرک کیا جائے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شفافیت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ کرپشن کرنے والے اہلکار یا افسر کسی بھی سطح پر قابل برداشت نہیں۔ کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر کے عبرت کا نشان بنائیںگے۔ کسی کو کرپشن کر کے لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔ وہ وقت گزر گیا جب کرپٹ لوگوںکی سرپرستی اور پردہ پوشی کی جاتی تھی۔ ماضی میں کرپٹ افراد کو حکومتی چھتری تلے تحفظ دیا گیا۔ عثمان بزدار نے قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کی بیوہ خورشید حفیظ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔  وزیر اعلی  نے کہاہے کہ اسرائیل کے فلسطین پر مسلسل حملے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہیں۔ طاقت کے نشے میں مدہوش اسرائیل کے ہاتھ معصوم فلسطینی شہریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ ظالم کا ہاتھ آج نہ روکا گیا تو یہ کل کسی اور کے گریبان تک پہنچے گا۔ بین الاقوامی برادری کی فلسطین میں آگ اور خون کے کھیل پر خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن