• news

ترین گروپ بجٹ میں حکومت کو ووٹ دیگا، عمران پر اعتماد ضروری: وفاقی وزراء

اسلام آباد+راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارٹی ڈسپلن کے حوالے سے اپنا اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے تمام اراکین، پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے تحفظات کا اظہار کرنے والے اراکین کو دعوت دی۔ ان کی گفتگو سنی اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی رکنیت متاثر ہو سکتی ہے۔ امید ہے وہ ایسا نہیں کریں گے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ اور فنانس بل پر کوئی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا۔ اگر عمران خان کو آپ اپنا  لیڈر تسلیم کرتے ہیں تو ان پر اعتماد کریں۔ وائس چیئرمین نے کہا کہ علی ظفر نے ابھی اپنی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش نہیں کی۔ وزیر اعظم نے ان کے کہنے پر علی ظفر کو ذمہ داریاں تفویض کی تھیں۔ ان کی خواہش تھی کہ تحقیقات کیلئے ان کی پسندیدہ شخصیت کو نامزد کیا جائے۔ اگر آپ عمران خان پر اعتماد نہیں رکھتے تو آپ کے پاس تحریک انصاف میں رہنے کی گنجائش نہیں رہتی۔ شاہ  محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پارٹی کے بانی چیئرمین ہیں۔ عمران خان اور ان کے ووٹرز نہ ہوتے تو یہ صاحبان بھی آج اسمبلیوں میں نہ ہوتے۔ عمران خان کو لیڈر مانتے ہیں تو پھر ان کے فیصلوں پر آمادگی کا اظہار کرنا چاہئے ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمارے دو بڑے پراجیکٹ ہیں۔ ایک نالہ لئی اور دوسرا یہ ہسپتال۔ یہ دونوں بن گئے تو راولپنڈی مکمل ہوجائے گا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال میں کینسر کا ڈیپارٹمنٹ بھی رکھ رہے ہیں۔  16 سال سے جو کام رکا ہوا تھا 2 سال میں 80 فیصد تک مکمل کیا ہے۔ کوشش ہے سال کے اندر اندر بلکہ 6 ماہ میں او پی ڈی اوپن ہوجائے۔ سارے پاکستان میں انگریز کے بعد پہلا ماڈرن ہسپتال ہوگا۔ پہلے 100 بیڈ کا ہسپتال چلا دیں باقی 400 بیڈ سال تک مکمل ہوجائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ جمعہ کو 2 سے 3 بجے کے دوران لال حویلی فلسطین کے حوالہ سے جلسہ ہوگا۔ عمران خان نے ہمیں ڈائریکشن دی ہے فلسطین کے لئے جلسہ بھی کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ جہانگریر ترین گروپ کے لوگ  بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن