• news

اسرائیلی فوج کا وحشیانہ تشدد، بمباری، مزید9 فلسطینی شہید

غزہ+ جکارتہ+ نیویارک+ اسلام آباد+ کوئٹہ (شنہوا + اے پی پی + صباح نیوز + این این آئی+ وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی رات گئے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے پر وحشیانہ بمباری اور اسرائیلی فورسز کا نہتے فلسطینیوں پر تشدد جاری ہے۔ مزید 9 شہید‘ تعداد 251 ہو گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق صہیونی فورسزنے جنوبی علاقوں پر 60 سے زائد فضائی حملے کئے۔ اسرائیل نے 6 ہسپتالوں سمیت 15طبی مراکز کوبھی نشانہ بنایا۔ سعودی عرب، روس اور یورپی یونین نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا جبکہ ہنگری نے مخالفت کردی۔ فلسطینی حکام نے کہا شہدا میں63 بچے اور 36 خواتین بھی شامل ہیں۔ غزہ کی پٹی سے داغے گئے راکٹ حملے میں مزید دو اسرائیلی فوجی جہنم واصل اور 14 زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ القسام بریگیڈ نے جزیرہ نما النقب میں قائم اشکول یہودی کالونی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں  اسرائیلی2 فوجی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے راکٹ حملوں میں اپنے دو فوجیوںکے ہلاک ہونے اور 14 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں بھی اسرائیلی  مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ لوگوں نے اظہار یکجہتی کے لیے معروف فلسطینی رومال کیفیہ سے سر ڈھانپ رکھے تھے۔ شرکا کا کہنا تھا معصوم انسانوں کو قتل کرنے کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہئے۔ یمن کے دارالحکومت صنعا میں لاکھوں افراد نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ایک دن مسلمان مل کر قبلہ اول کو آزاد کرائیں گے۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں عوام نے غزہ کے حق میں احتجاج کیا۔ انڈونیشیا کے عوام فلسطینی پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئے۔ اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دوسری جانب فلسطین بحران پر سلامتی کونسل کا چوتھا ہنگامی اجلاس بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ فلسطینی مندوب نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ پٹی میں فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی اپیل کرے۔ فرانس نے مصر اور اردن کے ساتھ مل کر جنگ بندی کی نئی قرارداد سلامتی کونسل میں جمع کرا دی۔ چین بھی جنگ بندی کا حامی ہے۔ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی فوج نے شیلنگ اور براہ راست فائرنگ کی جس سے 4 فلسطینی شہید‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ غزہ میں بمباری سے بھی مزید 5 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ ان میں صحافی یوسف ابی حسین بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ شہر کے شمال میں ایک اپارٹمنٹ کو براہ راست نشانہ بنایا اور اسے ہلاک کر دیا۔ 3 دیگر فلسطینی شہری صبح صادق کے وقت غزہ شہر کے ایک اور اپارٹمنٹ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔ عینی شاہدین اور سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ غزہ شہر کے مغرب میں واقع رمال محلے کے ایک اپارٹمنٹ پر فضائی حملے کے دوران ایک خاتون شہید ہو گئی ہے۔ مزید غزہ میں کئے جانیوالے الگ الگ فضائی حملوں میں 8 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ پر حملے روکنے سے پھر انکار کر دیا اور اسرائیل نے مصر کی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی۔ نیتن یاہو نے 70 ممالک کے سفیروں سے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ کو فتح کیا جا سکتا ہے یا طاقت سے باز رکھا جا سکتا ہے۔ غزہ کو مکمل خاموش کرنے تک حملے جاری رکھیں گے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو ترکی میں، نیویارک روانگی سے قبل فلسطینی ہم منصب ڈاکٹر ریاض المالکی کے ساتھ ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جارحیت، مسجد اقصٰی پر حملوں اور فلسطینیوں کی جبراً بے دخلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے، معصوم فلسطینیوں بالخصوص بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کی اس حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے فلسطینی ہم منصب کو وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت کی جانب سے حق خود ارادیت کی اس جدوجہد میں مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا۔ اسلامی تعاون تنظیم کی درخواست پر غزہ کی کشیدہ صورتحال پر غور کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے۔ وہ سفارتی مشن پر ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ترک، فلسطین‘ سوڈانی اور تیونس کے وزیر خارجہ عثمان ال جاندری وزرائے خارجہ کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے معاملے کو اٹھائیں گے۔ فلسطین کے حوالے سے جاری سفارتی کاوشوں سے متعلق اہم بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ہماری کوشش ہے کہ مظلوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے ہم او آئی سی کے پلیٹ فارم کو موثر انداز میں استعمال کریں۔ پاکستان کی خواہش اور کوشش ہے کہ اس مسئلے پر امہ یکجا ہو۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے ہم جتنی موثر آواز اٹھا سکتے تھے ہم نے اٹھائی۔ انشاء اللہ آج ہم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔ اردن اور مصر بھی سیز فائر کیلئے متحرک دکھائی دیتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ کی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ گھروں کی تباہی کے بعد عوام کسمپرسی میں مبتلا ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے امداد ’’اونروا‘‘ نے غزہ کیلئے امداد کا مطالبہ کر دیا۔ ترجمان اونروا نے کہا ہے کہ فلسطین کی امداد کیلئے 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر درکار ہیں۔ جارحیت کے پہلے 8 روز امدادی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی گئی۔ عالمی این جی او نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 50 سکول تباہ ہوئے۔ سکول تباہ ہونے سے 40 ہزار 897 بچے متاثر ہوئے۔ فلسطین میں مظالم کیخلاف جے یو آئی (ف) نے سینٹ میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان مسجد اقصیٰ پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ مذہبی مقامات کا تقدس اور احترام عالمی قوانین کا اہم جزو ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے حق خودارادیت کی حمایت کی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر بابر موسیٰ خیل کی زیرصدارت ہوا۔ بیگم نسیم ولی خان‘ فلسطین میں اسرائیلی بمباری سے شہید افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ثناء اﷲ بلوچ نے فلسطین میں اسرائیلی مظالم کیخلاف مشترکہ مذمتی قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس میں نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں۔ نصراﷲ زیرے نے کہا کہ فلسطین کی مقدس سرزمین پر مظلوم مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بشریٰ رند نے کہا کہ مسلمان ممالک اسرائیلی مظالم کیخلاف متحد ہو جائیں۔ فلسطین کی مقدس سرزمین پر مظلوم مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ خیبر پی کے اسمبلی میں بھی اسرائیلی جارحیت کیخلاف مذمتی قرارداد پیش کر دی گئی۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں منظم ریاستی دہشتگردی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو عالمی عدالتوں میں لے جانے سے گریز نہیں کریں گے۔ ترکی نے صدر رجب طیب اردگان کے یہودی مخالف بیان دینے کا امریکی الزام مسترد کر دیا۔ ترک صدارتی مشیر نے کہا اردگان کے بارے میں امریکی بیان ناقابل قبول ہے۔ امریکی بیان اسرائیل کے انسانیت مخالف جرائم سے توجہ ہٹانے کیلئے ہے۔ لبنان کی سرحد سے اسرائیل پر 4 راکٹ داغے گئے۔ ایک دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔ 3 کھلے میدان میں گرے۔ اسرائیلی فورسز کی سی این این کے صحافی بین ویڈیمین سے بدسلوکی‘ دھکے دینے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔تیونس کے وزیر خارجہ بھی سفارتی مشن میں شامل ہو گئے۔ شاہ محمود قریشی نے تیونس کے ہم منصب سے غیر رسمی گفتگو میں کہا مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر امت مسلمہ حالت اضطراب میں ہے۔ رمضان میں نمازیوں پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ فلسطینیوں کی سیاسی‘ اخلاقی اور سفارتی حمایت کیلئے پرعزم ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن