• news

کرونا: مزید104 اموات، کم متاثرہ علاقوں میں سکول، سیاحت،آئوٹ ڈور شادی تقریب کی اجازت

اسلام آباد ( وقائے نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز)  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پانچ فیصد سے کم کرونا مثبت والے اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اضلاع میں تمام سکول 24 مئی کو کھل جائیں گے۔ تفصیل کے مطابق این سی او سی کا یہ اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت ہوا جس میں صحت کے معاون خصوصی، سندھ کے وزیر صحت اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں 150 افراد کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی تقریبات کی بھی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سیاحت کا شعبہ بھی کھولنے کی اجازت دیدی گئی، تاہم ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ این سی او سی نے چوبیس مئی سے آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس بھی کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔ ریسٹورنٹس رات بارہ بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ٹیک اوے کی اجازت چوبیس گھنٹے ہو گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزارات، سینما ہالز، ان ڈور ڈائننگ، ان ڈور جم اور تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ تاہم واکنگ اور جوگنگ ٹریکس ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ ان ڈور اور آؤٹ ڈور ثقافتی، میوزیکل، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر بھی پابند ی رہے گی جبکہ بین الصوبائی سرکاری ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔ یہ ٹرانسپورٹ بائیس مئی سے ہفتہ میں دو دن بند ہوگی۔ اب تک 7 لاکھ 99 ہزار 951 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 549 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ این سی او سی کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار 184 ہو گئی مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصد رہی سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 9563  ہیں۔ این سی او سی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں 2 لاکھ 12 ہزار 525 افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی اب تک 47 لاکھ 45 لاکھ ہزار 378 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ مہلک وبا  کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 3418430 ہو گئیں۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے عید کے بعد لوگوں کی واپسی کے سفر سے کرونا کیسز میں اضافے  کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا بین الاقوامی سفر اور مسافر وائرس کے پھیلاؤ کا زیادہ سبب بن رہے ہیں عید کے بعد کرونا کیس میں 3 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا 7  سے 10 دن کیلئے ریلوے آپریشن کم رکھنے کی بھی تجویز پیش کی بین الاقوامی سفر مسافر وائرس کے پھیلاؤ کا زیادہ سبب بن رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن