• news

پی ایس 70  ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی  نے بڑے مارجن سے  میدان مار لیا

 بدین‘ کراچی‘ لاہور‘اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) بدین کے  حلقہ پی ایس 70 ماتلی کے ضمنی  الیکشن میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کر لی۔ تمام 123 پولنگ  سٹیشنز کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی پی کے حاجی محمد پالیپوٹو 45  ہزار 340 ووٹ لیکر کامیاب  ہوگئے۔ جبکہ ان کے مدمقابل جے یو آئی ف کے گل حسن 6 ہزار 435 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 70 ماتلی کے ضمنی انتخابات سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ  جی ڈی  اے نے ضمنی انتخاب میں 410 ووٹ  لئے۔ جے یو آئی کے امیدوار نے 6  ہزار 342  ووٹ حاصل کئے۔ بدین میں تیروں کی بارش‘ جیئے بھٹو‘ جیئے  بینظیر جبکہ سابق وزیراعظم  راجہ پرویز اشرف نے پی ایس 70 سندھ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی جیت کو  عوام کے بھرپور اعتماد کی دلیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماتلی کے عوام نے نام نہاد انقلابیوں، نا اہلوں اور مفاد پرستوں کو مسترد کر کے پیپلز پارٹی کے بیانیے پر مہر ثبت کی ہے۔ دریں اثنا پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی نے دادا محمد پالیپوٹو کو ماتلی سے شاندار جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کو ہی اپنے مسائل کا حل سمجھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن