• news

کرونا مزید 131 جاں بحق، پنجاب میں 2 ہفتے لاک ڈائون کی سفارش

اسلام آباد، لاہور، ملتان (نامہ نگار+ سٹی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ مزید131مریض انتقال کر گئے۔ مجموعی تعداد 19987 تک پہنچ گئی جبکہ 4207 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح 8.22 تک پہنچ گئی۔ 24لاکھ 91ہزار 40  کو ویکسین کی پہلی خوراک لگ چکی۔ چوبیس گھنٹوں میں ایک لاکھ 74ہزار 680 افراد کو پہلی خوراک لگائی گئی۔ این سی او سی کے مطابق کل کیسز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 391 تک پہنچ گئی۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 3431728 ہوگئیں، کیسز 16کروڑ 55لاکھ 65ہزار سے تجاوز کر گئے۔ پشاور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر دبئی سے پہنچنے والے 60 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مسافروں کے احتجاج پر 2 مرتبہ ٹیسٹ کئے گئے جو دونوں بار مثبت نکلے۔ باچا خان ائرپورٹ انتظامیہ کے مطابق 2 پروازوں کے 50 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور مسافر دبئی اور ابو ظہبی سے آج صبح پہنچے ہیں۔ مثبت والے مسافروں کو ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے ملک بھر میں اساتذہ کو جلد از جلد کرونا ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ این سی او سی کو صوبوں کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے جب کہ اساتذہ کی ویکسینیشن کیلئے صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلے لکھ دیئے  گئے ہیں۔  ترجمان کا کہنا  تھا کہ تعلیمی شعبے کا نقصان کم کرنے کیلئے اساتذہ اور امتحانی عملے کی جلد ویکسینیشن کی جائے گی۔ حکومت نے وفاق کے سکولوں کی بندش میں 6 جون تک  توسیع کر دی۔ بیرون ملک جانے کے منتظر طلبہ اور لیبر کی ویکسینیشن کیلئے عمر کی حد ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہری ورک پرمٹ‘ اقامہ‘ سٹوڈنٹ ویزا دکھانے پر کسی بھی مرکز سے ویکسینیشن کرا سکیں گے۔ بیرون ملک سفرکرنے والے کل سے ویکسین لگوا سکیں گے اور ان کیلئے عمر کی کوئی حد نہیں ہوگی۔ اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے وضاحت جاری کی ہے کہ 18 سال سے زائد کے وہ افراد ویکسین  لگوانے کے اہل ہیں جو بیرون ملک جا رہے ہیں۔ این سی او سی نے پیشہ ورانہ امتحانات اور ٹیسٹ کی مشروط اجازت دے دی۔ شفقت محمود نے کہا مہربانی فرما کر وفاقی وزارت تعلیم کے سیکرٹری کے پاس تمام تفصیل جمع کروائی جائیں۔ تمام مارکیٹس کے کاروباری اوقات رات 8 بجے تک ہوں گے۔ ہفتہ اور اتوار چھٹی کے دن ہوں گے۔ تمام کاروبار ی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری لاک ڈائون  نوٹیفکیشن20 مئی سے15 جون تک نافذ العمل رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، مراکز صحت، ویکسینیشن سینٹر، پٹرول پمپ، تندور، ڈیری شاپس، فوڈ ڈلیوری اینڈ ای کامرس سروسز، کورئیر اینڈ پوسٹل سروسز، بجلی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر اینڈ ٹیلی کام کمپنیز، کال سینٹرز اور میڈیا ہائوسز، آٹو ورکشاپس، آئل ڈپو اور تمام قسم کی منڈیوں، سبزی، پھل، اناج اور مویشی کو ہفتہ کے 7 دن 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔ لاک ڈان میں نرمی پر این سی او سی اور محکمہ صحت پنجاب آمنے سامنے، محکمہ صحت پنجاب کی ریسٹورنٹ میں آؤٹ ڈور ڈائنگ 30 مئی تک بند رکھنے جبکہ جم 8 بجے تک کھولنے کی سفارشات کردیں۔ محکمہ صحت پنجاب نے مزید دو ہفتے تک کے لیے مکمل لاک ڈائون کی ممکنہ سفارشات پیش کرنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے ریسٹورنٹ کے باہر آٹ ڈور ڈائنگ کے لیے آٹھ فیصد سے زائد شرح والے شہروں پر 30 مئی تک پابندی کی سفارش کردی ہے۔ کرونا وائرس کے باعث ملائیشیا میں شیڈول ایشیئن سکواش ٹیم چیمپئن شپ ملتوی کر دی گئی۔ چیمپئن  شپ 16 سے 20 نومبر تک منعقد ہوگی۔ بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے کرونا کے باعث ویسٹ ایشیا کپ ملتوی کر دیا۔ ویسٹ ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں ایران میں ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن