پاکستان سپر لیگ کے باقی میچز ابو ظہبی می ں کرانے کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر ) ابو ظہبی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے بقیہ میچز کی باضابطہ میزبانی کا اعلان کر دیا۔ ابوظہبی کرکٹ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی میزبانی پر خوشی ہے۔ کراچی سے بیرون ملک جانے پر تمام اضافی اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ اٹھائیگا۔ کھلاڑیوں کی 25مئی کو پاکستان سے روانگی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ایشین پلیئرز کو پہلے پاکستان بلا کر دیگر کھلاڑیوں کیساتھ ابوظہبی روانگی کا پلان بنایا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کے ابوظہبی پہنچے پر 7 روز کا قرنطینہ ہوگا۔ بقیہ میچز 5جون سے ابوظہبی میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ تمام میچ تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔ ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پی سی بی عہدیداران اور فرنچائزز مالکان کے درمیان آن لائن اجلاس‘ ابو ظہبی روانگی پلان ‘کرونا ٹیسٹنگ اور بائیو سکیور ببل کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔