گندم 50 روپے من مہنگی‘ لاہور میں روٹی 10 روپے کی ہوگئی
لاہور (کامرس رپورٹر) اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 50روپے اضافے سے 1950روپے ہونے پر صوبائی دارالحکومت لاہور کی بڑی فلور ملوں نے گزشتہ روز 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ کر دیا ہے جس سے قیمت 1080روپے سے بڑھ کر 1090روپے ہو گئی ہے۔ فلور مل مالکان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف پورا کر لیا ہے۔ اب فلور ملوں کے گندم کی خریداری پرمٹ ختم کئے جائیں جس سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ دریں اثناء لاہور میں مختلف علاقوں کے تنور مالکان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کو جواز بنا کر روٹی کی قیمت میں دو روپے اضافہ کر دیا جس کے بعد سادہ روٹی کی قیمت آٹھ روپے سے بڑھ کر دس روپے ہو گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے باقاعدہ اعلان سے قبل ہی تنور مالکان نے اضافہ کر دیا۔ تنور مالکان نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فلور ملز کی طرح ہمیں بھی سبسڈائزڈ آٹا فراہم کرے، سستی روٹی فروخت کریں گے۔