شہباز شریف کی کرپشن سینکڑوں صفحات پر مشتمل ہے: فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج ایک بونے جھوٹے ظل سبحانی دوم نے بونی باتیں کرکے بغض باطن کا مظاہرہ کیا۔ یہ مافیا ملک کی ترقی کی راہ میں حائل رہا، انکے صرف اپنے کاروبار اور خزانے پروان چڑھے۔اگر یہ مافیا لوٹ مار نہ کرتا تو آج وسائل سے مالا مال ملک ترقی یافتہ ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ شہباز شریف کک بیکس کے بغیر کوئی منصوبہ شروع ہی نہیں کرتا تھا۔ شہباز شریف کی لوٹ کی المناک داستانیں ٹی ٹیز کی صورت میں قوم کے سامنے آچکی ہیں۔ شہباز شریف کی کرپشن سینکڑوں صفحات پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظل سبحانی دوم کے دور میں ایوان وزیراعلی لوٹ مار کا گڑھ بن چکا تھا۔ آج ترقی کے بھاشن دینے والا پنجاب جیسے صوبے کو 12 سو ارب کا مقروض کرگیا۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ مافیا کے گرد بھی گھیرا تنگ کردیا ہے اس لیے شہباز شریف کے نزدیک یہ حکومت کسی کام کی نہیں۔