مائرہ قتل کیس ،شریک ملزم کی عبوری ضمانت منظور ،سجل سے پوچھ گچھ کی جائے: والد
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے، نامہ نگار) سیشن عدالت نے ڈیفنس مائرہ قتل کیس کے شریک ملزم کی عبوری ضمانت منظور کر لی ۔فاضل عدالت کا ملزم ظاہر جدون کو ایک ایک لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم عدالت کا ملزم کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم ۔ عدالت کا ڈیفنس بی پولیس کو ملزم کو دو ہفتوں تک گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔علاوہ ازیں ڈیفنس بی میں قتل ہونے والی لندن پلٹ لڑکی مائرہ کے والد ذوالفقار کا بیان سامنے آ گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈیفنس میں قتل ہونے والی مائرہ ذوالفقار کے والد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پندرہ دن سے مائرہ قتل کیس میں کوئی پروگریس نہیں ہوئی،ملزمان کو بلا کر ان سے بیان لے کرانہیں چھوڑ دیا جاتا ہے جبکہ ملزمہ سجل کو بلوا کر سیاسی دباؤ پر اس کو چھوڑ دیا گیا۔میری بیٹی مائرہ اپنی نانی کے گھر جاناچاہتی تھی،مگر سجل نے روک لیا۔ سجل سے پوچھا جائے کہ اس نے مائرہ کو اس رات نانی کے گھر جانے سے کیوں روکا اوروہی آخری وقت تک مائرہ کے ساتھ تھی، میری مدد کی جائے اور میری بیٹی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔