متعدد وارداتیں، شہری قیمتی اشیا سے محروم، شادباغ میں6لاکھ کا ڈاکہ
لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہرکے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے شادباغ کے علاقے میں غضنفر علی کے گھرگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 6 لاکھ 30 ہزار روپے مالیت، سندر کے علاقے میں علی کی فیملی سے 4 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت، سبزہ زار کے علاقے میں حنان کے گھر سے 3 لاکھ روپے مالیت، داتا دربار کے علاقے میں قیصر کی فیملی سے 2 لاکھ روپے مالیت، باٹا پور کے علاقے میں عابد کے گھر سے 2 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے راوی روڈ کے علاقے میں طاہر سے 2 لاکھ روپے مالیت اور موبائل فون، سمن آباد کے علاقے میں راشدسے 87 ہزار روپے اور موبائل فون، فیصل ٹاؤن کے علاقے میں عمران سے 60 ہزار روپے اور موبائل فون، گوالمنڈی میں عمار سے 35 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے لیاقت آباد اور چوہنگ کے علاقوں سے دو گاڑیاں جبکہ ملت پارک، ڈیفنس سی، ٹاؤن شپ، نصیر آباد، مزنگ، راوی روڈ اور کوٹ لکھپت کے علاقوں سے 7 موٹرسائیکلیں چوری کرلی ہیں۔