• news

لوہاری مارکیٹ میں 5 چھاپے، ایک کروڑ کی جعلی، غیر معیاری ادویات برآمد

لاہور (سٹی رپورٹر) ڈرگ ٹاسک فورس کی جعلی اور غیرمعیاری ادویات کے خلاف کریک جاری،مشیر صحت پنجاب و چیئر مین ڈرگ ٹاسک فورس حنیف پتافی اور چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب اظہر جمال سلیمی کی ٹیم کے ہمراہ لاہور میں بڑی کارروائی،لوہاری میڈیسن مارکیٹ میں گزشتہ روز 5 غیر قانونی ادویات کے گوداموں پر چھاپے مارے گئے، ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جعلی اور غیر معیاری ادویات کو قبضے میں لے لی گئیں، جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانے والے مافیا کو قانون کے شکنجے میں لانے والے ڈرگ انسپکٹرز کو نقد انعام اور تعریفی اسنا د دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف ڈرگ ٹاسک فورس کی بڑی کارروائیاں جاری ہیں گزشتہ روز چیئر مین ڈرگ ٹاسک فورس کے ہمراہ لاہور میں ڈرگ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کیا گیا اور لاکھوں روپے مالیت کی جعلی اور غیر معیاری ادویات قبضے میں لے لی گئیں ۔ اس موقع پر چیئر مین ڈرگ ٹاسک فورس  حنیف خان پتافی کا کہنا تھا کہ ادویات کے گوداموں کو سیل کر دیا گیا ہے ۔جعلی ادویات کے نمونے ٹیسٹنگ کیلئے لیبارٹری میں بھجوا دیئے گئے ہیں ۔جعلی ادویات بنانے والوں کے خلاف شکنجہ تیار کر لیا ہے۔پنجاب بھر میں ڈرگ ٹاسک فورس کی کی ٹیمیں چھاپے مارے رہی ہیں ۔جلد ہی پنجاب بھر سے جعلی اور غیر قانونی گوداموں اور فیکٹریوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا ۔غیر قانونی ادویات کے گوداموں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔ڈرگ ایکٹ 1976 کے مطابق غیر قانونی گوداموں اور فیکٹریوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے ۔ 

ای پیپر-دی نیشن